شافع محشر ، رحمت یزداں صلی اللہ علیہ وسلم
ماہ منور ، مہر درخشاں صلی اللہ علیہ وسلم
وحدت کا پیغام سنایا ، گمراہوں کو راہ پہ لایا
شمع ہدایت ، حامل قرآں صلی اللہ علیہ وسلم
ان کا کرم ہر دکھ کی دوا ہے ، ان کی عنایت فضل خدا ہے
قبلۂ ایماں ، کعبۂ عرفاں صلی اللہ علیہ وسلم
دل پہ ہے کندہ نام محمد ، میری مراد اور میرا مقصد
میری تمنا ، میرا ارماں صلی اللہ علیہ وسلم
اشرفؔ کے سب کام بنائیں ، خواب میں آئیں جلوہ دکھائیں
دل ہو تصدق ، جان ہو قرباں صلی اللہ علیہ وسلم